اُڈپی 11 اکتوبر(ایس او نیوز) ضلع اُڈپی کے پڈوبدری تعلقہ کے ہیجماڈی سمندر میں اتوار کو ایک ماہی گیری بوٹ اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا ہے البتہ بوٹ پر سوار دیگر پانچ ماہی گیروں کو بچالیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لاپتہ ہونے والے ماہی گیر کی شناخت ہیجماڈی کے قریب کوڈی کے رہنے والے سُوکیش (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ جو لوگ محفوظ رہ گئے اور کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، اُن کی شناخت ایکناتھ کرکیر، ناگیش، پانڈورنگا، نیرج اور راجیش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کوڈی کے ایکناتھ کی موٹر والی ماہی گیر بوٹ مچھلیوں کا شکار کرکے واپس آرہی تھی جس کے دوران اچانک سمندری موجوں میں بھونچال آگیا اور اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آکر بوٹ اُلٹ گئی۔ موقع پر موجود دیگر بوٹ کے ذریعے پانچ ماہی گیروں کو بچالیا گیا مگر ایک ماہی گیر کی تلاش جاری ہے۔